بھٹکل 11جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا اور پڑوسی ریاست کیرالہ میں سنیچر 29 ذی القعدہ کی شام کو چاند نظرنہ آنے کی وجہ سے اتوار کو 30 ذی القعدہ اسی طرح یکم ذی الحجہ بروز پیر 12 جولائی کو ہوگی جبکہ 21 جولائی 2021 بروز بدھ کو عیدالاضحیٰ ہوگی۔
اُدھر ملک کی دیگر ریاستوں سےخبریں آرہی ہیں کہ ملک کے بیشتر شہروں اور ریاستوں بالخصوص اتر پردیش، بہار، اڈیشہ، مغربی بنگال، آسام وغیرہ میں اتوار 29 ذی القعدہ کو ذی الحجہ کے چاند کی تصدیق ہوگئی ہے، اس طرح ان تمام ریاستوں میں بھی 21 جولائی کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
امارت شرعیہ ہند کی جانب سے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز جاری کرتےہوئے بتایا گیا ہے کہ ’’اتوار کو بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ زیر صدارت مولانا ابوالحسن صاحب پالن پور نگراں دینی تعلیمی بورڈ و آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ یہاں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا تھا مگردہلی میں مطلع صاف نہ ہونے سے چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ گوہاٹی، کوکرا جھار (آسام)، میگھالیہ، مغربی بنگال، تریپورہ، کٹک (اڈیشہ)، بہار اور دیوبند (یو پی) سمیت ملک کے مختلف مقامات پر رویت عام کی اطلاع موصول ہوئیں۔ اس لیے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ 12 جولائی 2021 بروز سوموار ماہ ذی الحجہ 1442ھ کی پہلی تاریخ ہوگی اور اس طرح عیدالاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی ۔
اسی طرح شاہی مسجد فتح پوری دہلی کی جانب سے بھی ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پریس نوٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب صدر فتح پوری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان فرمایا ہے کہ آج 29 ذیقعدہ کو عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آ گیا۔ دہلی میں مطلع غبار آلود ہے لیکن بیرون دہلی سے ذی الحجہ کے چاند کی تصدیق ہو گئی ہے، لہٰذا یکم ذی الحجہ بروز پیر 12 جولائی کو ہوگی اور عیدالاضحیٰ 21 جولائی 2021 بروز بدھ کو ہوگی۔‘‘